نیویارک:25/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)نیویارک کے اٹارنی جنرل فاؤنڈیشن میں ہونے والی”ممکنہ بے ضابطگیوں“کی جانچ کر رہے ہیں جبکہ ٹرمپ کسی بے ضابطگی سے انکار کرتے ہیں۔اٹارنی جنرل کے دفتر نے کہا ہے کہ جب تک تحقیقات جاری ہیں، ٹرمپ اپنے فاؤنڈیشن کوبند نہیں کرسکتے۔ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کے فاؤنڈیشن نے گذشتہ برسوں کے دوران بہت اچھے کام کیے اور اہل تنظیموں کو لاکھوں ڈالر کی امداددی جس میں معمر افراد، قانون نافذ کرنے والے افسروں اور بچوں کو تعاون بھی شامل ہے۔انھوں نے ادارے کو بند کرنے کا جواز پیش کرتے ہوئے کہاکہ میرے صدارتی کردار کے ساتھ اس کے ممکنہ تصادم سے بچنے کے لیے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں خیراتی کاموں میں اپنی دلچسپی کو دوسرے طریقوں سے جاری رکھ سکتا ہوں۔خیال رہے کہ ٹرمپ 20 جنوری کو صدر اوباما کی جگہ لیں گے۔ انھوں نے آٹھ نومبر کو ہونے والے انتخابات میں ڈیموکریٹ امیدوار ہلیری کلنٹن کو شکست دی تھی۔ڈونلڈ جے ٹرمپ فاؤنڈیشن ایک نجی خیراتی ادارہ ہے جسے ڈونلڈ ٹرمپ نے سنہ1987میں اپنی بیسٹ سیلنگ کتاب”داآرٹ آف دا ڈیل“کی کمائی سے قائم کیا تھا۔انھوں نے سنہ 1989میں اسے دس لاکھ ڈالر کا تعاون دیاتھااورسنہ 2005تک مسٹر ٹرمپ ہی بنیادی طور پر اس میں مالی تعاون کرتے رہے لیکن اس کے بعد وہ ادارہ بینک کے تحت آ گیا اور اس میں ٹرمپ، ان کے دوست اور ایسوسی ایٹس کی جانب سے تعاون ہونے لگا۔انٹرنل ریوینو سروس کی سنہ2014کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق فاؤنڈیشن نے 12لاکھ ڈالر سے زیادہ کی املاک کا دعویٰ کیا ہے جبکہ اس میں رچرڈ ایبرس کی جانب سے پانچ لاکھ ڈالر سے زیادہ کا تعاون شامل ہے، جبکہ فاؤنڈیشن نے تقریبا چھ لاکھ ڈالر خرچ کیے۔نیویارک کے اٹارنی جنرل ایرک شنائڈرمین نے ستمبر میں کہا کہ ان کا دفتر اس بات کی 'یقین دہانی چاہتا ہے کہ آیافاؤنڈیشن نیویارک کے خیراتی قوانین پر عمل کر رہا ہے یا نہیں۔انھوں نے اس وقت سی این این کو بتایاکہ ہمیں یہ خدشہ ہے کہ ٹرمپ فاؤنڈیشن اس کے متعلق کسی نہ کسی قسم کی بے ضابطگی میں ملوث ہے۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اٹارنی جنرل کادفترٹرمپ فاؤنڈیش کی کم از کم جون سے جانچ پڑتال کر رہا ہے۔ فلوریڈا کی اٹارنی جنرل پام بونڈی کو دیے جانے والی25ہزار ڈالر کی رقم کی جانچ کی جا رہی ہے اور مسز بونڈی کسی فراڈ سے انکار کرتی ہیں۔